نوشکی ۔پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ کے مرکزی کال پر نوشکی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور میر گل خان نصیر چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے وفاقی و صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔احتجاجی مظاہرہ سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری حاجی منظور احمد مینگل،بی این پی کے ضلعی صدر میر عطاء اللہ مینگل ،نیشنل پارٹی کے ریجنل سیکرٹری فاروق بلوچ،بی این پی کے مرکزی کمیٹی کے رکن میر خورشید جمالدینی،نیشنل پارٹی کے آغا ربنواز شاہ ،جے یو آئی کے حافظ عبداللہ گورگیج،حافظ زکریا عادل اور حسین احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ملک آئی ایم ایف کے ساتھ گروی رکھی گئی ہے تمام شعبے زوال پذیر ہوچکے ہیں،غربت بیروزگاری اور کرپشن میں اضافہ ہوا ہے،عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے پورے ملک میں اضطراب کی لہر پیدا ہوگئی ہے موجودہ حکومت ہر شعبہ میں ناکام ہوچکی ہے موجودہ سیلیکٹڈ حکمرانوں سے عوام بیزار ہوچکی ہے مقررین نے کہاکہ 2018 کے انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ نے حقیقی سیاسی جماعتوں کا راستہ روکنے کے لئے نام نہاد جماعت کو پورے ملک پر مسلط کردیا گیا ملک کے قسمت کا فیصلہ صرف چند افراد نے کرکے ملک کے عوام کی 20 کروڑ عوام کے حق رائے دہی پر قدغن لگائی اسٹیبلشمنٹ نے عوام کے حق پر ڈاکہ ڈال کر ملکی آئین اور اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے جسے ملک کے عوام ہرگز قبول نہیں کرینگے۔پورے ملک کے عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہیں پشاور کوہٹہ اور ملتان کے جلسوں نے حکمرانوں کو حواس باختہ کردیا ہے اور پی ڈی ایم قائدین کے خلاف مقدمات کا اندراج حکمرانوں کی شکست کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر عوام متحد ہوکر ان سیلیکٹڈ حکمرانوں کا محاسبہ کرنے کے لئے اسلام آباد لانگ مارچ کے لئے تیار رہیں ۔






