کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائ، مشیران، چیف سیکرٹری بلوچستان سمیت متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں کابینہ نے بلوچستان ایجوکیشن سیکٹر پلان2020-25 کی منظوری دیدی۔بلوچستان ایجوکیشن سیکٹر پلان گلوبل پارٹنرشپ فار ایجوکیشن کے تعاون سے تیار کیاگیا ہے۔ سیکٹر پلان کی تیاری کا تمام عمل محکمہ سیکنڈری ایجوکیشن کی پالیسی پلاننگ اینڈ ایمپلی مینٹشن یونٹ کی نگرانی میں ہوا۔سیکٹر پلان کی مالی ضروریات کو حکومتی اور ڈویلپمنٹ پارٹنرز کی طرف سے موبلائزڈ وسائل سے پورا کیا جائے گا۔ کابینہ نے ای آر ایم پی پراجیکٹ پر عملدرآمد کیلئے سحر آرگنائزیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی بھی منظوری دی۔ اس تین سالہ پروگرام کے تحت چاغی اور پشین میں اے ایل پی سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔ جہاں 10سے 14سال کی عمر کے تقریباً پانچ سو افغان مہاجر اور ہوسٹ کمیونٹیز کے بچوں کو سکول میں داخل کیا جائے گا۔ اجلاس نے بلوچستان لوکل کونسلز (ماڈل)ذیلی قوانین برائے اندراج پیدائش و اموات 2020کی بھی منظوری دی۔ان ذیلی قوانین کے تحت ہر مقامی کونسل اپنی حدود میں رہائش پذیر لوگوں کے ہاں ہونے والی پیدائش و اموات کا اندراج کریگی۔ ان قوانین کے تحت بنیادی مرکز صحت، زچہ وبچہ سینٹر، ہیلتھ سینٹر، سرکاری و نجی ہسپتالوں کے سربراہ اپنے اداروں میں ہونے والی بچوں کی پیدائش کی ماہانہ رپورٹ فراہم کرنے کے پابند ہوں گے تاکہ فراہم کردہ فہرست کے مطابق بچوں کا اندراج ہوسکے۔قوانین میں پیدائش کے تاخیری اندراج کا طریقہ کار فیس برائے اندراج پیدائش سرٹیفکیٹ، لاوارث بچوں کی رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی وضع کیاگیا ہے۔ اجلا س میں بلوچستان ماس ٹرانزٹ اتھارٹی رولز2020کے ڈرافٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے بلوچستان ٹریول ایجنسی رولز 2017میں ترامیم، بلوچستان آرمز بل 2020 اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2014کے نفاذ کی بھی منظوری دی۔ کابینہ اجلاس نے قرآن مجید کے شہید مقدس اوراق کے مناسب تلفی اور تحفظ سے متعلق بلوچستان ہولی قرآن (پرنٹنگ، ریکارڈنگ) ترمیمی بل2020کی بھی منظوری دی۔ اجلاس میں بلوچستان چیئرٹیز رجسٹریشن ریگولیشن اتھارٹی کے نوٹیفکیشن کے اجراءاور گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ اتھارٹی کے ڈرافٹ رولز 2020کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں چمن اور تفتا ن بارڈرز ٹرمینلز کی اپ گریڈیشن کے سلسلے میں وفاقی حکومت سے مشاورت پر اتفاق کیاگیا۔اس سے قبل کابینہ اجلاس میں سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی اور صوبائی مشیر حاجی محمد خان لہڑی کے چچا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔کابینہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعلیم، صحت اور کھیل سمیت تمام شعبوں کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔ صوبے بھر میں سڑکوں کا جال بچھانے کے ساتھ ساتھ سماجی و معاشی اہداف کے حصول کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس سے نہ صرف صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا بلکہ بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی بھی آئے گی۔
