کابل : افغانستان کے دارالحکومت کابل میں گاڑی میں نصب بم پھٹنے سے ڈپٹی گورنر اپنے سیکریٹری سمیت ہلاک ہو گئے ہیں۔ کابل پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محبی کی گاڑی کے نیچے نصب کر رکھا تھا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکہ منگل کی صبح اس وقت ہوا جب ڈپٹی گورنر اپنے محافظوں کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ واقعے میں ڈپٹی گورنر کے دو محافظ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تاحال کسی گروپ کی جانب سے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔ افغان نیوز ایجنسی ‘طلوع’ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ میں کابل پولیس کے حوالے سے بتایا کہ ڈپٹی گورنر اور اُن کے معاون کی گاڑی کے نیچے ٹائم ڈیوائس نصب کی گئی تھی۔
