لاہور : مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ 31 بھی آئے گی، استعفے بھی آئیں گے، لانگ مارچ بھی ہوگا۔ مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لانگ مارچ ہوگا تو سلیکٹڈ اور ڈمی وزیراعلیٰ پھر گھر بھی جائیں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ڈی ایم بی آر ٹی کے کھڈوں والی تاریخیں نہیں لانگ مارچ کی تاریخ دے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ بزدار صاحب نے ڈھائی سال میں اپنی آنے والی 5 نسلوں کے لیے مال پانی جمع کرلیا، بزدار صاحب آپ کو قوم کا نہ مال ہضم کرنے دیں گے اور نہ پانی۔ عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کے 4 سو استعفےآئیں گے، دیکھتے ہیں کون ان پر ضمنی الیکشن کراتا ہے۔ اپنے بیان میں اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ بزدار صاحب شاید آپ کو معلوم نہیں عمران خان نے پہلا این آر او اپنے گھر والوں کو ہی دیا۔ عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ بزدار صاحب اس وقت آپ انٹرن شپ کررہے تھے جب وزیراعظم دوستوں کو این آر او دے رہے تھے۔
