عمرکوٹ میں زمین کے تنازع کے نتیجے میں ہونے والا خونیں تصادم 2 سگے بھائیوں سمیت 3 افراد کی جانیں لے گیا۔ پولیس کے مطابق عمرکوٹ کے ایک نواحی علاقے میں پلاٹ کی ملکیت پر جھگڑے نے شدت اختیار کرلی اور ایک ہی برادری کے دو گروپ لاٹھیوں اور کلہاڑیوں کے ساتھ ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے۔ اس تصادم کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر ہی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جبکہ دو زخمی اسپتال میں دوران علاج چل بسے۔
ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ 8 نامزد ملزمان میں سے 4 کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی 4 کی تلاش جاری ہے۔ مرنے والے افراد کی میتیں گھروں میں پہنچیں توعلاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی اور ورثاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔خونیں تصادم پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کا کہنا تھا کہ پلاٹ تو ہم دوسرا بھی لے لیں گے لیکن قیمتی انسانی جانیں چلی گئیں۔ انہوں نے غیر جانبدارانہ تحقیقات کی اپيل کرتے ہوئے اصل ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
