اسلام آباد میں پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میڈیا فورم کا انعقاد کیا گيا جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سی پیک کے دوسرے فیز میں زراعت کی ترقی اور انڈسٹری کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پاک چین انسٹیٹیوٹ (پی سی آئی) اور چائینا اکنامک نیٹ (سی ای این) کی جانب سے اسلام آباد میں چھٹے سی پیک میڈیا فورم کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں شریک سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ کورونا وائرس کے باوجود سی پیک منصوبوں پر تیزی سے جاری پیشرفت قابل تعریف ہے۔ انھوں نے کہا کہ فورم کا مقصد پاک چین دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ وبا کے دوران ایک پاکستانی مزدور بھی سی پیک کے کام سے نہیں ہٹایا گیا۔ تقریب میں شریک چینی سفیر نے کہا کہ سی پیک کے آغاز سے ہی پاکستان کو سی پیک کے فائدہ مند نتائج حاصل ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک میڈیا فورم کے تحت مختلف شعبوں سے لوگوں کو قریب آنے کا موقع ملا ہے۔
