تفتان : ایران کی سیکیورٹی فورسز نے مختلف شہروں میں غیرقانونی طور پر مقیم 61 پاکستانی شہریوں کو گرفتار کرکے تفتان بارڈر پر پاکستانی حکام کے حوالے کردیا۔ ایرانی حکام کے مطابق گرفتار افراد بغیر سفری دستاویزات کے ایران کے مختلف علاقوں میں مقیم تھے۔ گرفتارافراد میں پنجاب کے 22، سندھ 33، خیبر پختون خوا 3 اور بلوچستان ایک اور آزاد کشمیر کے 2 افراد شامل ہیں۔ ایرانی حکام نے تفتان سرحد کے پاک ایران راہداری گیٹ پر انہیں پاکستانی حکام کے حوالے کیا جہاں محکمہ صحت کے پیرامیڈیکس اسٹاف کی جانب سے ان کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ لیویز ذرائع کے مطابق گرفتار افراد بہتر روزگار کے لیے ایران کے راستے غیرقانونی طور پر یورپ جانا چاہتے تھے۔ گرفتار افراد کو ابتدائی کاروائی کے بعد ایف آئی اے کی تحویل میں دے دیا گیا۔
