بلوچستان کے ضلع نوشکی میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے خودکش بمبار سمیت 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 30 اور 31 جولائی 2026 کی درمیانی شب بلوچستان کے ضلع نوشکی میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور انتہائی مؤثر کارروائی کرتے ہوئے خودکش بمبار سمیت بھارتی سرپرستی میں سرگرم تمام 7 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بارودی مواد (آئی ای ڈیز) کا ذخیرہ بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
بیان کے مطابق علاقے میں مزید کسی بھی بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد کو ہلاک کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہاکہ وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسداد دہشتگردی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی تاکہ بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا ملک سے مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔






