کوئٹہ :بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ پارٹی اسماءجتک کے والد کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ انتہائی افسوسناک اورانسانیت سوز واقعہ ہے کہ ایک خاندانی تنازع اور رشتے سے انکار کے معاملے نے اس قدر سنگین صورت اختیار کر لی ہے کہ ایک کے بعد ایک قیمتی جانیں لی جا رہی ہیں، کھلے عام دھمکیاں دی جا رہی ہیں، اور قاتل قانون و ریاست کی رٹ کو چیلنج کرتے ہوئے دندناتے پھر رہے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ متاثرہ خاندان بارہا متعلقہ حکام اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو تحفظ کی درخواستیں دیتا رہا اور اس کے باوجود انہیں مو¿ثر تحفظ فراہم نہیں کیا گیا، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں اور صوبائی حکومت کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ کسی بھی مہذب معاشرے میں یہ قابلِ قبول نہیں کہ شہری برسوں تک دھمکیوں کے سائے میں زندگی گزاریں اور آخرکار ایک ایک کرکے قتل ہوتے جائیں۔بیان میں کہا گیا کہ اسماءجتک کے والد کے قتل سمیت اس پورے سلسلہ وار واقعات میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے، اور متاثرہ خاندان کو فوری اور مو¿ثر سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ مزید کسی انسانی المیے کو روکا جا سکے۔ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اگر بااثر افراد یا کسی بھی قسم کی سیاسی سرپرستی کے بل بوتے پر قانون کو پامال کیا جا رہا ہے، تو یہ نہ صرف انصاف کے نظام بلکہ ریاستی رٹ کے لیے بھی ایک کھلا چیلنج ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس تاثر کو فوری طور پر ختم کرے کہ طاقتور عناصر قانون سے بالاتر ہیں۔بلوچستان نیشنل پارٹی مقتول کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہے، اور یقین دلاتی ہے کہ ظلم، ناانصافی اور قانون کی بے توقیری کے خلاف ہر جمہوری و آئینی فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انصاف میں مزید تاخیر نہ صرف متاثرہ خاندان بلکہ پورے معاشرے کے اعتماد کو مجروح کرے گی۔






