تربت : پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ،پارلیمانی سیکرٹری برائے انرجی میر اصغر رند نے ضلع کیچ میں 7 بے گناہ مزدوروں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے بقیہ نمبر54صفحہ5پر
کہا ہے کہ نہتے اور محنت کش مزدوروں کو بے دردی سے قتل کرنا انتہائی افسوسناک، بزدلانہ اور انسانیت سوز فعل ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے مزدور روزگار کی تلاش میں اپنے اہل خانہ کی کفالت کے لئے بلوچستان آئے تھے لیکن انہیں نشانہ بنا کر نہ صرف کئی خاندانوں کے چراغ گل کر دیئے گئے بلکہ بلوچستان کے امن، روایات، بھائی چارے اور مہمان نوازی کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، ایسے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہونی چاہئے، اصغر رند نے کہا کہ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں خوف و ہراس پھیلا کر ترقیاتی عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں، مگر ایسے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، حکومت اور سیکورٹی ادارے عوام کے تعاون سے امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جو دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی، انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف مل سکے، انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ مزدوروں، مسافروں اور عام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے مزید موثر اور ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔




