کوئٹہ(این این آئی) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی نے نیشنل پارٹی سبی کے جنرل سیکریٹری یار محمد بنگلزئی کے اغوا کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے انتہائی افسوسناک، تشویشناک اور قابلِ مذمت واقعہ قرار دیا ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے ذمہ دار عہدیدار کا دن دہاڑے اغوا ہونا بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور صوبائی حکومت کی انتظامی ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے بلوچستان حکومت سے مطالبہ کیا کہ یار محمد بنگلزئی کی فوری اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر بلاخوف و خطر دندناتے پھر رہے ہیں، جبکہ حکومت کی رِٹ عملاً کہیں نظر نہیں آرہی ہے۔ عوام کی جان و مال محفوظ نہیں، اغوا، بدامنی اور دیگر جرائم کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، لیکن صوبائی حکومت ان سنگین حالات پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہی ہے۔سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ بیوروکریسی دفاتر تک محدود، پولیس بے اثر اور حکومتی مشینری مفلوج ہوچکی ہے، جبکہ صوبائی وزرائ کی ایک بڑی تعداد عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے سیاسی مفادات، اقربا پروری اور کرپشن میں مصروف ہے۔ بلوچستان جیسے حساس صوبے میں حکمرانی کا یہ طرزِ عمل نہ صرف افسوسناک بلکہ عوام کے ساتھ سنگین ناانصافی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا بنیادی فرض شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے۔ اگر ایک سیاسی جماعت کا ضلعی عہدیدار بھی محفوظ نہیں تو عام شہری کس طرح خود کو محفوظ تصور کریں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ یار محمد بنگلزئی کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے دوسری جانب نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان نے سبی سے نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری یارمحمد بنگلزئی کے اغواہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کا اغوا سماج کی بدقسمتی کے سوا کچھ نہیں اور بلوچستان میں سب سے ذیادہ سیاسی کارکن غیر محفوظ ہیں پارٹی ترجمان نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریٹری یارمحمد بنگلزئی جمعہ کو صبح اپنے زرعی اراضی واقعہ تلی کی طرف جارہے تھے کہ مسلح موٹر ساہیکل سواروں نے انہیں اسلحہ کے ذور پر اغوا کرلیا سیاسی کارکنوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست اور حکومت کی ذمہ داری ہے یارمحمد بنگلزئی کو بحفاظت بازیاب کرائے یارمحمد بنگلزئی کے اغواکار جتنے بھی طاقتور ہونگے نیشنل پارٹی ان کی مذمت کرے گی ان کے خلاف آواز اٹھاہیگی اور اغوا کاروں کے ہاوں کے نشانات جس بھی زورآور کے مکین و مکان کی جانب جاہینگے نیشنل پارٹی اس کے کرتوت عوام کے سامنے ضرور بے نقاب کریگی یارمحمد بنگلزئی ایک پرامن سیاسی کارکن اور قوم دوست و عوام دوست سیاسی رہنما ہیں جو زمانہ طالبعلمی سے قوم دوست سیاست سے وابستہ رہا ہے اس طرح کے سیاسی کارکنوں کا اغوا قابل مذمت اور مکروہ عمل ہے






