پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جا سکتی ہے، علی پرویز ملک

پیٹرول کی فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک جا سکتی ہے، علی پرویز ملک

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہونے کی صورت میں اس کی فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم فی الحال ملک میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی پرویز ملک نے کہا کہ یورپ اور امریکا میں تیل مہنگا ہو چکا ہے اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم پاکستان میں صرف 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک ذمہ دار وزیراعظم کی حیثیت سے شہباز شریف نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے آگے بند باندھ رکھا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر ملک میں پیٹرول کی قلت پیدا ہو گئی تو فی لیٹر قیمت ایک ہزار روپے تک بھی جا سکتی ہے۔
علی پرویز ملک نے کہاکہ حکومت سردیوں کے دوران عوام کو گیس کی قلت کا سامنا نہیں ہونے دے گی، چاہے اس مقصد کے لیے 3 کے بجائے 100 ملین ڈالر کی گیس درآمد کرنا پڑے۔ وفاقی وزیر کے مطابق گزشتہ روز ایک ہی دن میں 18 کروڑ روپے کے ٹوکن جاری کیے گئے۔ انہوں نے جماعت اسلامی کو عوام کی مشکلات پر سیاست چمکانے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے وفد کو پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا تھا کہ حکومت کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ علی پرویز ملک نے بتایا کہ تیل کے کنوؤں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور اکتوبر کے اندر تیل کی دریافت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہاکہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے کہیں گے کہ حکومت کی مخالفت میں دوسروں کے بچوں کو ایندھن نہ بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو اسلام آباد پر چڑھائی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ انہیں علیمہ خان کی حراست سے متعلق علم نہیں ہے، جبکہ بلدیاتی نظام یا نئے انتظامی یونٹوں کے معاملے پر اسمبلی میں بحث کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے