بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سرفراز بگٹی

بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، سرفراز بگٹی

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 17 دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور مو¿ثر حکمت عملی کا ثبوت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں۔ دہشت گرد عناصر بلوچستان میں بدامنی پھیلانے اور عوام کے امن و سکون کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں، تاہم ریاستی ادارے ان کے عزائم ناکام بنانے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ سرگرم عمل ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی حکمت اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی حکمت اللہ نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جان قربان کرکے فرض شناسی، جرات اور حب الوطنی کی اعلیٰ مثال قائم کی۔ قوم اپنے اس بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر افسران اور جوان قوم کا سرمایہ افتخار ہیں، جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر ملک کے دفاع اور عوام کے تحفظ کے لیے مصروف عمل ہیں۔ ان کی قربانیاں قومی تاریخ کا قابل فخر باب ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی اور بلوچستان میں امن و استحکام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے۔ قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ریاست کی عملداری کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے