کوئٹہ:صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم کی بہتری کیلئے صوبائی وزیر تعلیم سرداریارمحمدرند کی کاوشیں قابل تعریف ہے ،زیرالتواءمنصوبوں کو مقررہ وقت میں تکمیل تک پہنچائیںگے ،ایک استاد والے سکولز میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈسپوزل ای ڈی او فنڈز بنانے کے منصوبے سے تبادلہ خیال کیاگیااس حوالے سے محکمہ خزانہ بھرپور تعاون کرے گا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی وزیر تعلیم سردار یارمحمد رند کی زیر صدارت اجلاس کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات عبدالرحمن بزدار ،صوبائی سیکرٹری تعلیم شیر خان بازئی ،سیکرٹری خزانہ نورالحق بلوچ ودیگر حکام موجود تھے ۔میر ظہور احمدبلیدی نے کہاکہ بلوچستان میں زیر التوا تمام منصوبے بروقت تکمیل تک پہنچانے کیلئے اقدامات کئے جائیںگے بلکہ بلوچستان بھر میں انٹرنیز گریجویٹس کے ذریعہ ایک استاد والے اسکولوں میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کےلئے ڈسپوزل ای ڈی او کے تحت فنڈز بنانے کے لئے ایک خیال پر تبادلہ خیال کیا گیا انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے محکمہ خزانہ ایجوکیشن سیکٹر کو ہر طرح کی مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے بلوچستان میں تعلیم کے شعبے کی بہتری پر صوبائی وزیر سرداریارمحمد رند کی 31ڈگری کالجوں کو اپ گریڈ کرنے ، 100 نئے ماڈل اسکولوں کے قیام ، ڈراپ آﺅٹ ریشو کو روکنے اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے ہدف کو حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کےلئے ان کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی آف خضدار سب کیمپس تربت فعال ہے ،بلوچستان حکومت مستقبل میں اسے ایک مکمل یونیورسٹی بنانے کی اپنی صلاحیت کو مستحکم کرے گی۔






