پاکستان: متعدد فیس بک اکاؤنٹس اور پیجز بند، کئی انسٹاگرام اکاؤنٹس ڈیلیٹ

پاکستان: متعدد فیس بک اکاؤنٹس اور پیجز بند، کئی انسٹاگرام اکاؤنٹس ڈیلیٹ

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

فیس بک نے پاکستان سے چلائے جانے والے متعدد ایسے جعلی اکاؤنٹس اور پیجز پر مشتمل نیٹ ورکس کو غیر فعال کر دیا ہے جن سے منظم مہم کے ذریعے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ داخلی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ بعض نیٹ ورکس خطے میں مشتبہ مربوط سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان سے چلائے جانے والے 453 فیس بک اکاؤنٹس، 103 پیجز اور 78 گروپس کو بند، جب کہ 107 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کر دیا گیا ہے۔ فیس بک کے مطابق ان اکاؤنٹس، پیجز اور گروپس کی اکثریت ‘منظم انداز میں ایک دوسرے سے رابطہ کر کے ایسا مواد پوسٹ کر رہے تھے جن کا تعلق پاکستان یا بھارت کی مخصوص نوعیت کی حمایت سے تھا۔ فیس بک نے مزید کہا ہے کہ غیر فعال کیے جانے والے نیٹ ورکس کے زیادہ تر اکاؤنٹس پر پاکستانی فوج کی حمایت میں مواد موجود تھا اور یہ نیٹ ورکس حکومت کے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے بھی استعمال ہو رہے تھے۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی فیس بک نے 103 پیجز، گروپس اور انسٹا گرام پروفائلز کو بلاک کر دیا تھا۔ فیس بک نے کہا تھا کہ یہ پیجز، گروپس اور انسٹاگرام اکاؤنٹس پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے اہل کاروں سے منسلک ہیں۔ پاکستان میں ڈیجیٹل رائٹس کی تنظیم ‘بولو بھی’ کے ڈائریکٹر اسامہ خلجی کہتے ہیں کہ فیس بک کی رپورٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ ریاست جعلی اکاؤنٹس اور نیٹ ورکس کے ذریعے سوشل میڈیا کا غلط استعمال کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!