کورونا: کرفیو میں جعلی میڈیا پاسز دکھانے والے 200 افراد گرفتار

کورونا: کرفیو میں جعلی میڈیا پاسز دکھانے والے 200 افراد گرفتار

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لبنان میں گزشتہ دنوں کرفیو نافذ کیا گیا اور کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت سزائیں بھی دی جا رہی ہیں۔ لبنان کی انٹرنل سیکیورٹی فورسز (ایل ایس ایف) کی جانب سے حال ہی میں انکشاف کیا گیا ہے کہ انہوں نے کرفیو کی خلاف ورزی کرنے والے تقریباً 20 ہزار کے قریب افراد پر جرمانہ عائد کیا اور ان میں سے 200 شہری ایسے تھے جو جعلی میڈیا پاسز استعمال کر رہے تھے۔ مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق کرفیو کی وجہ سے ایل ایس ایف کی جانب سے متعدد شہریوں کو روکا گیا اور وہ کرفیو سے بچنے کے لیے جعلی میڈیا پاسز اور صحافتی شناخت دکھا کر چھوٹ جاتے تھے۔ بعدازاں الجدید ٹی وی کی ایک خبر میں انکشاف کیا گیا کہ حیدر حسینی نامی شہری نے تقریباً 200 لوگوں کو جعلی میڈیا پاسز بیچ کر 40 ملین لبنانی پاؤنڈز (42 لاکھ 46 ہزار پاکستانی روپے)کمائے۔ مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ کرفیو کے دوران باہر نکلنے والے لوگوں کو جعلی میڈیا پاسز بیچنے والا لبنانی شہری حراست میں ہے جس سے ابھی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ حیدر حسینی نے اپنے فیس بک پیج پر اعلان کیا تھا کہ ان کے پاس کرفیو کے دوران پکڑ دھکڑ سے بچنے کا حل ہے اور لوگ ان سے میڈیا پاسز حاصل کر سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے لبنان میں کرفیو نافذ ہے جب کہ ہیلتھ ورکرز، سیکیورٹی اہلکار، ایمرجنسی سروسز اور میڈیا کو اس سے استثنیٰ حاصل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!