لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مینار پاکستان پر پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کی سیاسی لاشوں کا پوسٹ مارٹم ہو گا کیونکہ حکومت ان بازوؤں کے زور اور طاقت کو آزمانا چاہتی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار افراد کے خلاف پہلی مرتبہ ایسی جامع پالیسی منظور کی جو ان وی آئی پی افراد کے لیے معیاری تعلیم، صحت، سفر، رہائش، کھانے، ذریعہ معاش، تفریح اور بہتر نشوونما کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے جڑے نظام کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سہرا تبدیلی سرکار کے سر گیا کہ جن افراد کو ہم بوجھ سمجھتے تھے دراصل معاشرے میں ان افراد کے لیے مربوط کوششوں کا فقدان تھا، اس ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے حکومت پنجاب نے ریلیف پروگرام دیا جس سے اس صوبے میں ان بچوں کے لیے 33 کروڑ سے بسیں خریدی گئیں، ان میں سے 21 بسیں پچھلے سال جبکہ 33 بسیں اس سال محکمہ خصوصی تعلیم کے حوالے کیا گیا۔ انہوں نے خصوصی بچوں کے اسکولوں کو اپ گریڈ کرنے کا بھی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی حد تک ان بچوں کا اسکول کی حد تک بڑا موثر کردار ہوتا تھا کیونکہ ان کی ٹریننگ ہونے کے ساتھ ساتھ انہیں سپورٹ بھی حاصل تھی لیکن کالج کی سطح پر وہ سروسز رک جاتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ انہیں کالج اور پھر یونیورسٹی کی سطح پر حکمت عملی بنا کر سرپرستی کی ہے اور اس کے تحت مظفرگڑھ، راولپنڈی، بکھر، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، خانیوال اور لیہ میں 9 اسپیشل ایجوکیشن سینٹر بنائیں گئے ہیں۔ انہوں نے ساہیوال اور بہاولپور میں بچیوں کے لیے سیکنڈری اور سرگودھا اور ڈی جی خان میں ڈگری کالج قائم کیے گئے ہیں
