اسلام آباد: پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ ابھی ایسے کوئی سائنسی شواہد نہیں سامنے جس سے پتا چلتا ہو کہ برطانیہ سے عالمی وبا کا نیا وائرس پاکستان آیا ہو۔ ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا تھا کہ برطانیہ سے آئے افراد کو ٹریس کرکے ان کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ بہت سارے لوگ ٹریس ہو گئے ہیں اور ان کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں برطانیہ سے آئے افراد کا ڈیٹا مقامی انتظامیہ اور ڈپٹی کمشنر کو دے دیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت کا نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہنا تھا کہ عالمی وبا کی ویکسین حکومت منگوائے گی، اس کیلئے 150 ملین ڈالر مختص کیے ہیں۔ اس کے علاوہ پرائیوٹ سیکٹر کو بھی ویکسین منگوانے کی اجازت دی گئی ہے۔ ویکسین محکمہ صحت کے پروفیشنلز اور معمر افراد کو مفت لگائی جائے گی






