سال نو کے موقع پر سریاب میں کتب میلہ

سال نو کے موقع پر سریاب میں کتب میلہ

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے علاقے سریاب کے نوجوانوں اور طلبہ نے سال نو کا آغاز کتب میلے سے کیا ،بلوچستان یونیورسٹی سے ملحقہ سڑک پر لگے کتابوں کے اسٹالز پر دن بھر شہریوں کی آمدکا سلسلہ جاری رہا ،پڑو ادبی کچہری ، وائی سی ایس ایف اور نشست آن لائن کی جانب سے لگائے گئے اسٹالز پررکھی کتابوں میں شہریوں نے گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے خریداری بھی کی ۔ اس موقع پر پڑو ادبی کچہری کے سربراہ سعید نور ، پروفیسر حسن بخش ساجد، بلوچستان پیس فورم کے رہنماءشعیب رئیسانی ،صحافی خیر محمد بلوچ،سابق کونسلر مجیب الرحمن لہڑی ودیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس بھی سال نو کے آغاز پر کتب میلے کا انعقاد کیا گیا 2021ءکے آغازپر لگایا گیا یہ کتب میلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتب میلہ نوجوانوں اور طلبہ نے اپنی جیب خرچ سے منعقد کیا ہے ، حکومت سے درخواست ہے کہ وہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میںڈیجیٹل لائبریریز کے قیام پہلے سے قائم لائبریریز کو سہولیات کی فراہمی کا اپنا وعدہ پورا کرے ، بلوچستان کے دل شال میںطلبہ اور نوجوان نئے سال کاجشن کتاب و شعور کے ساتھ منارہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ سے ایک بات سننے کو ملتی ہے کہ سریاب کے لوگ تعلیمی لحاظ سے پسماندہ ہیں مگر آج اس کتب میلے میں لوگوںکی شرکت نے ثابت کیا کہ سریاب کے لوگ تعلیم و شعور کے حوالے سے کسی صورت پسماندہ نہیں ہیں ،یہاں کے لوگ علم، ادب، سیاست کے میدان میں شعوری اور فکری اعتبار سے مالا مال ہیں یہ ایک الگ بات ہے کہ یہاں کے لوگ پڑھنے کیلئے اسکولز، اساتذہ، پینے کیلئے پانی، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔انہوں نے بلوچ سماج میں کتاب کی اہمیت شناخت کو آگے لے جانے کی ضرور ت پرزور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے معاشرے کوعلم کی جانب راغب کیا جائے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!