اسلام آباد : اینٹی ٹیررازم اسکواڈ کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان اسامہ کی ہلاکت کے واقعے پر جے آئی ٹی بنادی گئی،سات ممبران پرمشتمل ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بی کا ایک نمائندہ بھی شامل ہوگا۔ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 19 کے تحت چیف کمشنر نے تشکیل دی جس کے سربراہ ایس پی صدر سرفراز ورک ہیں۔ٹیم میں سات ممبران شامل ہوں گے۔آئی ایس آئی، ایم آئی اور آئی بی کا بھی ایک ایک نمائندہ جے آئی ٹی میں شامل ہے۔ ڈی ایس پی رمنا، ڈی ایس پی انویسٹی گیشن اور ایس ایچ اور رمنا بھی جے آئی ٹی کا حصہ ہیں۔ٹیم کو جلد از جلد اپنی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے سیکٹرجی10 میں گذشتہ روز اینٹی ٹیررازم اسکواڈ کے اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان اسامہ ندیم جاں بحق ہوگیا تھا ، نوجوان کو موت کی نیند سلانے والے پانچوں اہلکارحراست میں ہیں اور واقعے کی ایف آئی آر تھانہ رمنا میں درج ہے۔ واقعے سے متعلق پولیس کی غلط بیانی بھی سامنے آئی ،پہلے کہا گیا کہ نوجوان کو گاڑی نہ روکنے پر پیچھے سے فائر کیے گئے لیکن یہ دعویٰ ابتدائی رپورٹ میں ہی غلط ثابت ہو ا، پمزاسپتال کی ابتدائی اور پوسٹ مارٹم رپورٹس میں بھی تضاد سامنے آ یا۔پہلے نوجوا ن کو22، پھر 17گولیاں لگنے کا بیان سامنے آیا اور آخر میں چھ گولیوں کی رپورٹ سامنے آئی۔






