دالبندین (محمد بخش بلوچ سے) واپڈا ہائیڈرو یونین سب ڈویژن دالبندین کے زیراہتمام واپڈا میں نجکاری ۔مہلک حادثات میں اضافہ اور موجودہ حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف پاور ہاوس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا اس موقع پر شرکاء نے مطالبات کے حق میں زبردست نعرے بازی کی ۔مظاہرین سے واپڈا ہائیڈرویونین نوشکی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری شاہ نواز رئیسانی ۔مزدور رہنماء کامریڈ عبدالخالق سمالانی ۔ذوالفقار علی ۔بابو امام بخش ۔ برکت شاہ اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ وفاقی کی ملازم کش پالیسیوں کے سبب پورے ملک میں واپڈا ہائیڈرویونین سراپا احتجاج بنی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کی ایماء پر واپڈا جیسے منافع بخش ادارے کی نجکاری ظلم کے مترادف ہے مقررین نے کہا کہ مہلک حادثات میں بہت سارے مزدور اپنی قیمتی جانیں گنوا بیٹھے مگر مزدوروں کو تاحال حفاظتی تدابیر کے سامان اور مراعات نہیں دئیے جارہے جس سے واپڈا کے مزدور سخت مشکلات سے دوچار ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملازم طبقے کو مصیبتوں کا شکار بنادیا ہے تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے سے ملازم بڑھتی ہوئی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر واپڈا ہائیڈرویونین کے مطالبات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو واپڈا ہائیڈرویونین کے پلیٹ فارم سے ملک گیر احتجاج کریں گے ۔
