وفاقی حکومت نے میجر جنرل فیصل نصیر (ہلالِ امتیاز ملٹری، تمغہ بسالت و بار) کو قومی انسدادِ دہشتگردی اتھارٹی (نیکٹا) کا نیا نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر کر دیا۔ ان کی یہ تقرری 3 سال کی مدت کے لیے کی گئی ہے جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے جاری کر دیا ہے۔ میجر جنرل فیصل نصیر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا وسیع اور گہرا تجربہ رکھنے والے ایک باصلاحیت اور منجھے ہوئے افسر ہیں۔ انسداد دہشت گردی کے نظام سے متعلق ان کی گہری سمجھ بوجھ اور بہترین عملی ریکارڈ کی بنیاد پر انہیں اس اہم عہدے کے لیے انتہائی موزوں ترین شخصیت قرار دیا جا رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب پاکستان کو خاص طور پر بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کے چیلنجز کا سامنا ہے نیکٹا میں ان کی تقرری غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ یہ تقرری پاک فوج میں میرٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف کو بھی ظاہر کرتی ہے جہاں متعلقہ تجربہ اور بہترین صلاحیتیں رکھنے والے افسران کو ان کی پیشہ ورانہ مہارت کے مطابق ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں۔






