کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کے رہائشی منظور احمد خلجی ، ریاض بلوچ و دیگر نے کہا ہے کہ ہزارہ ٹاﺅن اور ڈھنک میںپیش آنیوالے واقعات ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری خوش آئند ہے، عدالت کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچا کر ذمہ داروں کیلئے سزا کا تعین کرے ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے ہفتہ کے روز کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرمنظور احمد خلجی نے کہا کہ گذشتہ برس کوئٹہ کے علاقے عبدالستار روڈ پر انکے ساتھ بھی اس قسم کا واقعہ پیش آیا تھا جس پر صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاءلانگو نے فوراً ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو کارروائی کی ہدایت کی جس پر ایس ایس پی سٹی نے فریقین میں صلح کرائی اس وقت بھی کچھ عناصر اسے دو مسالک اور فرقہ واریت کا رنگ دینے کی کوشش کررہے تھے جنہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور ہزارہ ٹاﺅن میں پیش آنیوالے حالیہ واقعے کو بھی شرپسند عناصر ایک مرتبہ پھر غلط رنگ دے رہے ہیں تاہم صوبائی حکومت ، سیکورٹی اداروں کی بروقت کارروائی اور نامزد ملزمان کی گرفتاری سے ان عناصر کو ایک مرتبہ پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منظور احمد خلجی ، ریاض بلوچ ودیگر نے مزید کہا کہ بلال شہید کے قتل میں ملوث تمام ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مقتول کے لواحقین کیس کی تحقیقات سے مطمین ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تربت کے علاقے ڈنک میں پیش آنے والے واقعے کے ملزمان اور مبینہ سہولت کار پولیس کی حراست میں ہیں پولیس کی بروقت کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری حوصلہ افزاءہے اور کوئٹہ واقعے میں کوتاہی برتنے پر ایس ایچ او کو بھی معطل کیا گیا ہے واقعے سے متعلق جے آئی ٹی تشکیل دے دی گئی ہے حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری کردی ہے اب عدالت کا دائرہ اختیار ہے کہ وہ ملزمان کو سزا دے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عدالت کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچا کر ملزمان کیلئے سزا کا تعین کرے تاکہ آئندہ ایسے دلخراش واقعات اور سانحات رونما نہ ہوسکیں۔






