نوکنڈی؛ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء پرنس محمد جان کشانی نے گزشتہ روز سے امین آباد پر ٹڈی دل کی یلغار سے پیدا ہونے والی صورتحال، زمینداروں کی بے بسی اور محکمہ زراعت کی مجرمانہ غفلت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل نے پورے امین آباد کو اپنی لپیٹ میں لے کر فصلات کو تباہ کردیا زمینداروں نے جو کچھ بویا تھا وہ ٹڈی دل کی نذر ہوگئے جس کی نقصان کا تخمینہ اربوں روپے بنتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تمام صورتحال میں زمیندار سخت پریشان اور بے یار و مددگار پڑے ہیں جبکہ محکمہ زراعت کے اہلکار محض فوٹو سیشن کے لیے ایک درخت کے پاس جاکر معمولی سی اسپرے کرکے اپنی راہ لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹڈی دل سے نمٹنے کے لیے ایمرجنسی نافذ ہے اس سلسلے میں وفاقی حکومت صوبائی حکومتوں اور محکمہ زراعت کو مکمل معاونت فراہم کررہی ہے لیکن افسوس کہ چاغی میں محکمہ زراعت کے اہلکاروں کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹڈی دل ایمرجنسی کے ثمرات چاغی تک نہیں پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر لاک ڈاؤن، سرحدوں کی بندش اور کاروباری سرگرمیوں کی تعطل سے جہاں دیگر معاشی سرگرمیاں ماند پڑگئیں وہیں لوگوں کی معاش کا واحد ذریعہ زمینداری رہتا ہے جو ٹڈی دل کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے ٹڈی دل کی تدارک کے لیے متحرک وفاقی و صوبائی اداروں بشمول پاک فوج اور متعلقہ حکام سے گزارش کی کہ چاغی کے زرعی علاقے امین آباد کی بچی کچی زراعت کو محفوظ رکھنے کے لیے فوری اقدامات اٹھاکر متاثرہ زمینداروں کی داد رسی کریں تاکہ اس سنگین بحران پر قابو پایا جاسکے۔
