وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنی طبیعت سے متعلق ایک پیغام میں کہا ہے کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد جن کا چند روز قبل کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا انہیں گزشتہ شب طبیعت بگڑنے پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں ان کی حالت بہتر ہوگئی تھی۔علاوہ ازیں وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملٹری ہسپتال راولپنڈی سے ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ میرا کووڈ 19 کا علاج جاری ہے، ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘الحمداللہ رات کی نسبت وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں’۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ جو لوگ ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کر رہے ہیں وہ ان کے بہت شکر گزار ہیں۔وزیر ریلوے نے عوام سے اپیل کی وہ کورونا کی بیماری کو سنجیدہ لیں، احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔خیال رہے کہ 8 جون کو وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ابتدائی طور پر ترجمان وزارت ریلوے نے کہا تھا کہ شیخ رشید میں بظاہر کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔ انہوں نے بتایا تھا کہ ڈاکٹر نے انہیں 2 ہفتے تک خود ساختہ قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد شیخ رشید آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔بعد ازاں شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق بھی کی
