طرابلس:لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں وفاق حکومت کی فورسز میں شامل ایک مسلح گروپ کی جانب سے طاقت کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس دوران درجنوں عسکری گاڑیاں آتشی ہتھیاروں اور ساز و سامان کے ساتھ دارالحکومت کی سڑکوں پر عوام کے درمیان سے گزریں۔گذشتہ چند گھنٹوں کے دوران "ثوار طرابلس” بریگیڈ کا نام ایک بار پھر سامنے آیا ہے۔ اس طرح وفاق حکومت کے عہدے داران اور اس کے گروپوں اور ملیشیاو¿ں کے درمیان اختلافات کی باتوں نے بھی پھر سے سر اٹھا لیا۔مذکورہ بریگیڈز نے طرابلس میں اپنی طاقت کا مظاہرہ نئے نام (بریگیڈ 116) کے ساتھ کیا۔ واضح رہے کہ کئی ماہ تک جاری اختلافات کے بعد وفاق حکومت کے وزیر داخلہ فتحی باشاغا نے اس بریگیڈ کے ارکان کا ماہانہ مشاہرہ روک دیا تھا۔وزیر داخلہ کی جانب سے "ثوار طرابلس” بریگیڈ اور "النواصی” بریگیڈ پر بدعنوانی، بلیک میلنگ، اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھانے اور وزارت داخلہ کے خلاف سازش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔ فتحی باشاغا نے دونوں گروپوں کے خلاف عدالتی کارروائی کی دھمکی بھی دی تھی۔یاد رہے کہ ثوار طرابلس بریگیڈ نے مئی میں دھمکی دی تھی کہ اگر وزارت داخلہ کے مقرب گروپوں کے ہاتھوں گرفتار کیے جانے والے اس کے بعض کمانڈروں کو رہا نہیں کیا گیا تو وہ لڑائی کے محاذوں سے علاحدہ ہو جائے گا۔
