بھارتی سرحدی محافظین نے ایک اور ’پاکستانی جاسوس کبوتر‘ پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے جسے مقبوضہ کشمیر میں پولیس کے حوالے کردیا گیا۔بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ’کبوتر کے اوپر گلابی رنگ کا واضح نشان اور ایک ٹانگ پر ٹیگ لگا ہوا تھا‘ جسے ’مشتبہ پاکستانی جاسوس‘ کے طور پر پولیس اسٹیشن میں رکھا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ کبوتر کو مشتبہ طور پر ’پاکستان کی جانب سے جاسوسی کی کوشش‘ کہا جارہا ہے اور اس معاملے کی تحقیقات کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پولیس ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ کبوتر چڈوال کے علاقے میں ایک خاتون گیتا دیوی کے گھر میں اڑ کر پہنچا تھا جنہوں نے اسے پکڑ کر بارڈر سیکیورٹی فورس کو دے دیا تھا۔بعدازاں کبوتر کو مزید تحقیقات کے لیے پولیس کے حوالے کردیا تھا۔پولیس نے خاتون کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ کبوتر کے ایک پیر میں ایک رنگ ہے جس پر کچھ نمبرز کنندہ ہیں۔خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بھارت نے کسی کبوتر پر پاکستان کا جاسوس ہونے کا الزام لگایا ہو۔
