اسلام آباد : پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری نظر آرہی ہے اور ملک میں مصدقہ کیسز کی تعداد میں ایک ٹھہراؤ سامنے آیا ہے۔ ملک میں اب تک کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 927 ہوگئی ہے اور اس میں سے 5 ہزار 667 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ 2 لاکھ 8 ہزار 30 افراد مکمل صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ملک میں مجموعی کیسز میں سے تقریباً 78 فیصد لوگ شفایاب ہوچکے ہیں۔ ملک میں کورونا وائرس کے 1136 نئے کیسز اور 36 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 2 ہزار 101 افراد صحتیاب ہوگئے۔فروری سے ملک میں شروع ہونے والے اس وائرس کے پھیلاؤ میں اگرچہ اب کچھ حد تک کمی دیکھی گئی ہے اور یومیہ کیسز گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں کم تعداد میں سامنے آرہے ہیں، جس کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد بھی کم ہونا ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کے اس تقریباً 5 ماہ کے عرصے میں سب سے زیادہ کیسز اور اموات کا مہینہ جون ثابت ہوا، جس میں وائرس اپنی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔ رواں ماہ کی بات کریں تو اس میں بھی ابھی تک 50 ہزار سے زیادہ کیسز اور 1200 سے زیادہ اموات رپورٹ ہوچکی ہیں۔
