قیام پاکستان کے بعد سینما کی اسکرین پر فلمی شائقین کو محظوظ کرنے والی ماضی کی سپر ہیروئن اداکارہ صبیحہ خانم 85 سال کی عمر میں گردوں کے مرض کے باعث امریکا میں انتقال کر گئیں۔صبیحہ خانم 1935 میں صوبہ پنجاب کے ضلع گجرات میں پیدا ہوئیں اور قیام پاکستان کے بعد انہیں پہلی سپر ہیروئن کا اعزاز حاصل ہوا۔صبیحہ خانم کا پیدائشی نام مختار بیگم تھا اور انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز 1950 میں ریلیز ہونے والی فلم بیل سے کیا، ان کے ساتھ مستقبل میں ان کے شوہر بننے والے اداکار سید موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمار نے بھی اسی فلم سے آغاز کیا۔دونوں کی جوڑی کو پہلی ہی فلم میں سراہا گیا اور دونوں پاکستان کے پہلے سپر اسٹار کہلائے گئے اور ان کی جوڑی نے کئی سال تک سینما کے پردے پر راج کیا۔




