کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) کوئٹہ کی رہائشی خاتون بی بی خاتمہ ولد عطاءمحمد نے کہاہے کہ بی ڈی ایم اے میں سیکورٹی گارڈ کی آسامی کیلئے ٹیسٹ و انٹرویو میں کامیاب ہونے کے باوجود تقرری نہیں کی جارہی ہے ،بلوچستان حکومت ڈی جی پی ڈی ایم اے کو تقرنامہ جاری کرنے کی ہدایت کرے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز پیر زادہ عبدالقدوس اور محمد حسین کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بی بی خاتمہ نے کہا کہ انہوں نے 22 جون 2019ءکو اخبار میں شائع اشتہار کی توسط سے پی دی ایم اے میں سیکورٹی گارڈ کی خالی آسامی کیلئے درخواست جمع کرائی تھی مذکورہ آسامی کیلئے 09-11-2019 کو ہونے والے انٹرویو کے دوران انکے مد مقابل کوئی خاتون امیدوار نہیں تھا تاہم 22-04-2020 کو مختلف امیدواروں کے محکمہ کی جانب سے تعیناتیوں کے آرڈر جاری کئے گئے لیکن میرا نام میرٹ لسٹ میں نہیں ڈالاگیا ہے ۔آسامی مشتہر کرنے ٹیسٹ وانٹرویو ہونے کے باوجود محکمہ کی جانب سے جواز اختیار کیا جارہا ہے کہ سیکورٹی گارڈ کی پوسٹ پر خاتون کو تعینات نہیں کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکومت محکمانہ ناانصافی کا نوٹس لیکر ڈی جی پی ڈی ایم اے کو تقرری کے احکامات جاری کرے ۔ اس موقع پر پیر زادہ عبدالقدوس نے پی ڈی ایم اے کے انتظامی امور اور تعیناتیوں پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ میر ٹ کے برعکس ہونے والے تعیناتیوں کیخلاف انہوں نے صوبائی محتسب، متعلقہ حکام کو درخواست جمع کرائی ہے، نیب اور انیٹی کرپشن سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار ختر جان مینگل بلوچستان کے اجتماعی مسائل حل نہ ہونے پر حکومت سے علیحدہ ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے منتخب نمائندوں کو چائیے کہ ان مسائل کے حل کیلئے سردار اختر مینگل کا ساتھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی المیہ ہے کہ وفاقی وزیر فوائد چوہدری کو بلوچستان کی کل آبادی تک کا علم نہیں اور نہ پارلیمانی اراکین سے آشناءہیں ۔ انہوں نے صوبے میں کرپشن ہونے کے دعویٰ کرتے ہوئے شہباز گل کے حالیہ دورہ پر بھی شدید تنقیدکی ۔
