موجودہ عدلیہ ماضی کی عدلیہ سے مختلف ہے،سعد رفیق

موجودہ عدلیہ ماضی کی عدلیہ سے مختلف ہے،سعد رفیق

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موجودہ عدلیہ ماضی کی عدلیہ سے مختلف ہے۔ لوہے کے چنے والی بات عدلیہ کے لئے نہیں بلکہ اپنے سیاسی مخالفین کے لئے کی تھی۔ تیرہویں بار جیل گیا لیکن میرے اندر بدلے کی آگ نہیں، عمران خان سیاسی مفاہمت کی فضا پیدا کریں۔ کھینچا تانی کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ نیب قانون کا خاتمہ نوشتہ دیوار ہے اینٹی کرپشن کا نیا ادارہ بنایا جائے۔ منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ میں تیرہویں بار جیل گیا ہوں لیکن میرے اندر بدلے کی آگ نہیں ہے مشرف کا دور بھی اتنا بدتر نہیں تھا جتنا موجودہ دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سیف الرحمان کے احتساب سیل کے بھی خلاف تھا بدقسمتی سے ملک میں احتساب کا عمل کبھی شفاف نہیں رہا۔ اسے سیاسی انجنئیرنگ کے لئے استعمال کیا جاتا رہا ہے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ احتساب کے نام پر ہمیشہ سیاسی مخالفین کو نشانہ بنا یا جاتا رہا ہے۔ 16ماہ کی جیل بھگت کر آ رہے ہیں ہمارا کاروبار تباہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب قانون کے خاتمے کےلئے جتنی کوشش کی جانی چاہیے تھی اتنی نہیں کی گئی۔ اس قانون کے متعلق مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کو مل کر فیصلہ کرنا ہوگا ہمارے ووٹ کے بغیر تحریک انصاف نیب قوانین کے متعلق کچھ نہیں کرسکتی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میری ضمانت پر سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے سے صرف نیب کو ہی نہیں ہم سب کو بھی سبق حاصل کرنا چاہیے۔ کسی کے استعفیٰ سے بات نہیں بنے گی۔ مسئلہ قانون کا ہے اس لئے قانون تبدیل ہونا چاہیے۔ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ آج نہیں تو کل نیب کے اس قانون کو جانا ہی ہوگا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ موجودہ عدلیہ ماضی کی عدلیہ سے مختلف ہے میرے لوہے کے چنے والے ریمارکس عدلیہ کے بارے میں نہیں تھے بلکہ اپنے سیاسی مخالفین کے لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک میں سیاسی مفاہمت کی فضا قائم کریں۔ کھینچا تانی کی سیاست سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ عمران خان کا احتساب کا بیانیہ تباہ ہو چکا جبکہ ان کے ساتھی انہیں پیچھے ہٹنے سے روک رہے ہیں۔ این آر او کے طعنے عمران خان کو منزل سے دور لے جائیں گے۔ وہ کسی کو رعایت نہ دیں لیکن بات چیت ضرورہونی چاہیے۔ تاکہ نظام چلتا رہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نیب کا موجودہ قانون ملک کے آئین و قانون سے متصادم ہے اس لئے اینٹی کرپشن کا کوئی نیا ادارہ بنایا جانا چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!