اسلام آباد :اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی براے قانون سازی کے قیام کی منظور دے دی۔جمعرات کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے پارلیمانی کمیٹی براے قانون سازی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا،کمیٹی 24اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل ہے ،وزیر امور خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کمیٹی کے چیئر مین نامزد کر دیئے گئے ،کمیٹی میں حکومت کی نمائندگی وفاقی وزراءپرویز خٹک ، اسد عمر ، شفقت محمود، سینیٹر شبلی فراز، شیریں مزاری اور وزیرمملکت علی محمد خان کریں گے،وزیر اعظم کے مشیران ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان اور مرزا شہزاد اکبربھی کمیٹی میں شامل ہیں ،حکومتی ممبران قومی اسمبلی و سینٹ ملک محمد عامر ڈوگر،سینیٹر ڈاکٹر فروغ نسیم ، سینیٹر انوار الحق کاکڑ اور غوث بخش خان مہربھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔ کمیٹی میں شاہد خاقان عباسی، سردار ایاز صادق ، خواجہ سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، احسن اقبال چوہدری، سینیٹر محمد جاوید عباسی مسلم لیگ ن کی نمائندگی کریں گے۔پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف ، سید نوید قمر ، سینیٹر شیری رحمن ، سینیٹر فاروق حامد نائیک جبکہ ایم ایم اے پی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی کمیٹی میں اپنی جماعتوں کی نمائندگی کریں گے۔ کمیٹی متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کی طرف سے پاس کردہ انسداد دہشتگردی ترمیمی بل 2020اور اقوام متحدہ (سلامتی کونسل ) ترمیمی بل 2020پر غور کرے گی۔






