کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر+ نمائندگان + نیوز ایجنسیاں) بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی اور دکی میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حب اور وڈھ میں دو افراد کی خودکشی کرلی۔ تربت کے علاقے تجابان کے مقام پر ٹریفک حادثہ میں ڈپٹی کمشنر کیچ ، ڈرائیور اور محافظ سمیت زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق صدر پولیس تھانہ ڈیرہ مراد جمالی کی حدود گوٹھ محمد شریف ہجوانی میں ملزم محمدپناہ گولہ نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کرکے اپنی بھابھی سمیت دو خواتین کو قتل کرکے موقع سے فرار ہوگیا ،پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ کر نعشوں کو ضابطہ کی کاروائی کیلئے ہسپتال منتقل کیا جہاں نعشیں ورثاءکے حوالے کی گئیں ۔دکی کے علاقے پرانا دکی میں مسلح شخص نے فائرنگ کرکے نعمت خان ترین کو قتل کردیا پولیس نے مقتول کے بھائی کی مدعیت میںنامزد ملزم محمد افضل کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ بلوچستان کے ضلع حب میں قومی شاہراہ پر واقع ہوٹل میں وندر کے رہائشی نوجوان اخترنے گلہ میں پھند ڈال کر زندگی کا خاتمہ کردیا پو لیس کے مطابق متوفی کا ذہنی توازن درست نہیں تھااسی نوعیت کا ایک اور واقعہ وڈھ کے علاقے سارونہ میں پیش آیا جہاں منظوراحمدنے خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی ،لیویز کے مطابق جمعرات کے روز ڈپٹی کمشنرکیچ میجر(ر)محمدالیاس کبزئی کی گاڑی تجابان کی مقام پر الٹ جانے سے گاڑی میں سوارڈپٹی کمشنر محمدالیاس کبزئی ،غلام محمد اور ساقی بخش زخمی ہوگئے لیویز کے مطابق حادثہ میں ڈپٹی کمشنر کو معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں جبکہ دیگر دو افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعدمزید علاج کراچی منتقل کیا گیا ہے ۔ کوئٹہ کے نیو سریاب پولیس نے کاروئی کرتے ہوئے منشیات فروش سمیت 5ملزمان کو گرفتار کرکے چرس برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزمان سے نیو سریاب پولیس کا تفتیشی عملہ مزید تفتیش کررہا ہے ۔
