صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ بھارت ہمارے اندرونی استحکام کونقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے،بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، ہم اپنے دفاع اورسلامتی پرہرگزسمجھوتا نہیں کریں گے اوردشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا، کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ اتوار کو یوم دفاع پاکستان کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں انہوںنے کہاکہ یوم دفاع پاکستان ہمیں اس جذبے اور بہادری کی یاددلاتا ہے جس سے ہم نے پچپن سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملادیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ اس دن ہماری برَی،بحری اورفضائی افواج نے مثالی جراتمندی اورپیشہ ورانہ مہارت سے دشمن کوہر محاذپر شکست دی۔صدر عارف علوی نے کہاکہ نہ صرف افواجِ پاکستان بلکہ قوم کا ہرفرداور ہرطبقہ وطن کا محافظ بن گیا تھا، آج کے دن پوری قوم شہدائِ وطن کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ کے جذبہ استقلال کوبھی خراج تحسین پیش کرتی ہے۔صدر عارف علوی نے کہاکہ جذبہ ستمبر 1965 ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے، ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت،جنگی تیاری، اورسب سے بڑھ کرجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیربنادیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ دفاعی میدان میں ہم خودانحصاری کی منزل حاصل کرچکے ہیں۔صدر عارف علوی انہوکںنے کہاکہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کے اندرونی استحکام اورتعمیروترقی میں بھی بھرپورکردارادا کررہی ہیں،ہم نے خطے کے امن اورسلامتی کیلئے بھی مثبت اورسنجیدہ کوششیں کی ہیں،صدر عارف علوی نے کہاکہ بھارت آج بھی ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے اور ہمارے اندرونی استحکام کونقصان پہنچانے کی خفیہ سازشوں میں ملوث ہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کا جارحانہ رویہ خطے کے امن اوراستحکام کیلئے بہت بڑا خطرہ ہے، صدر عارف علوی نے کہاکہ ہم اپنے دفاع اورسلامتی پرہرگزسمجھوتا نہیں کریں گے اوردشمن کی کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ ہم کشمیریوں کی اصولی حمایت جاری رکھیں گے اوراقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کا ساتھ دیتے رہیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بیرونی جارحیت کوشکست دی،دہشتگردی اورانتہاپسندی پرکامیابی سے قابوپایا اوراب ہم معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہیں۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے وطن کی سلامتی،تحفظ اورخوشحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔
