لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ موٹر وے پر بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والی خاتون کی بے حرمتی نہایت قابل مذمت، شرمناک اور افسوسناک ہے، یہ قومی شرمندگی اور قانون کی عمل داری کے پورے نظام کے مفلوج ہونے کا ثبوت ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی، پنجاب حکومت اور موٹر وے پولیس اسے ٹیسٹ کیس بنائیں اور ڈاکوﺅں کو نہ صرف گرفتار کیاجائے بلکہ زینب کیس کی طرز پر تحقیق وتفتیش کا معیار ایسا رکھا جائے کہ پراسیکیوشن کے مرحلے پر مجرم سزا سے نہ بچ پائیں۔ ایسے درندے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ سوال کا جواب دینا پڑے گا کہ موٹر وے جو محفوظ سفر کی علامت سمجھی جاتی تھی وہ اتنی غیرمحفوظ کس کی نااہلی کی وجہ سے ہوئی؟ اب موٹر وے پر اپنے بچوں کے ہمراہ سفر کرنے والوں کے دل میں خوف پیدا ہوگا، اس کا ذمہ دار کون ہے؟ وقوع کی حدود پر جھگڑنے کے بجائے قانون نافذ کرنے والے ادارے مل کر مجرموں کو پکڑیں اور متاثرہ خاندان کو انصاف دلائیں تاکہ نظام پر عوام کا کچھ تو اعتماد بحال ہو۔ ہم متاثرہ خاندان سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور انصاف کی فراہمی تک ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا یقین دلاتے ہیں۔






