ژوب :پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشت گردوں کی سیکورٹی فورسز کی پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی)کا اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ بلوچستان کے ضلع ژوب کے منزیکئی سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر کی گئی۔دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایف سی اہلکار 22 سالہ نائیک فخر عباس شہید جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوئے۔بیان میں کہا گیا کہ سرحد کے آر پار دہشت گردی کی روک تھام کے لیے موثر بارڈر مینجمنٹ ضروری ہے اور پاکستان موثر بارڈر مینجمنٹ کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ مسلسل اٹھاتا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی ژوب کے منذیکئی سیکٹر میں پاک افغان بارڈر پر سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ کی کارروائی افسوس ناک ہے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایف سی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہید اہلکار کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اورواقعے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی ۔
