اسکردو : رہنما مسلم لیگ ن کیپٹن صفدر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔ تفصیلات کے مطابق رہنما مسلم لیگ ن اور نائب صدر مسلم لیگ ن مریم صفدر کے شوہرکیپٹن محمد صفدراس وقت انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان کے دورے پر ہیں ۔ ن لیگ ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکردو انتخابی مہم کے دوران کیپٹن صفدر کو نزلے اوربخار کی شکات ہوئی جس کے بعد ا ن کا کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ مثبت آگیا ہے ۔ کیپٹن صفدرنے اپنے آپ کو جاتی امراء میں قرنطینہ کر لیا ہے ۔ اس سے قبل پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر اور سینئر رہنما قمر الزماں کائرہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے وہ بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں گلگت بلتستان میں موجود تھے ۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی ، مسلم لیگ ن رہنما شہبازشریف ، مصدق ملک ،سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ، حمزہ شہباز ، مریم اورنگزیب ، مولابخش چانڈیو بھی کورونا سے صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے جس کے بعد کورونا کی روک تھام کیلئے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔
