لاہور ‘ پی ڈی ایم جلسے کی تیاریاں مکمل ‘اگلے لائحہ عمل کا اعلان متوقع

لاہور ‘ پی ڈی ایم جلسے کی تیاریاں مکمل ‘اگلے لائحہ عمل کا اعلان متوقع

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

لاہور: اپوزیشن کی گیارہ جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج ( اتوار) مینار پاکستان پر منعقد ہوگا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جلسے میں تحریک کے اگلے مراحل کے اعلان کیا جائے گا ،جلسے میں پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما شریک ہوں گے ، جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے ، حکومت نے پی ڈی ایم کو جلسے کی باضابطہ اجازت نہیں دی اور اسی تناظر میں امن و امان کو قابو میں رکھنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج اتوار کو مینا رپاکستان پر منعقد ہوگا جس کے لئے پنڈال سج گیا ہے ۔ جلسہ گاہ میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں ، لائٹیں اور ساﺅنڈ سسٹم بھی نصب کر دیا گیا ،پنڈال میں پی ڈی ایم اتحادمیں شامل جماعتوں کی قیادت کی تصاویر والی فلیکسز آویزاں کر دی گئیں جبکہ سارے پنڈال میں سیاسی جماعتوں کے پرچم بھی لہرا دئیے گئے ۔ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، میاں جاوید لطیف ،عبدالغفورحیدر ی نے پنڈال کا دورہ کر کے انتظامات کاجائزہ لیا ۔ تمام جماعتوں کے کارکنان سارا دن پنڈال کادورہ کر کے اپنی قیادت کے حق میں اور حکومت کے خلاف نعر ے لگاتے رہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے بھی آلات اورسراغ کتوں کے ذریعے پنڈال کی وقفے وقفے سے چیکنگ کی جاتی رہی ۔جلسے کی میزبان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور کارکنان سارا دن جلسے کی تیاریوں میں مصروف رہے ۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کر رکھے ہیںجس کا مقصد جلسے کو کسی نہ کسی صورت کامیاب بنانا ہے ۔پی ڈی ایم کے لاہو رکے جلسے میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان شریک ہوں گے ۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے تمام کارکنان کو ہر طرح کی رکاوٹیں عبور کر کے لاہور پہنچنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ اراکین اسمبلی ، عہدیدار او رٹکٹ ہولڈرز کارکنوں کے ہمراہ پنڈال میں پہنچیں گے ۔ یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ کارکنوں کو جہاں پر روکا جائے وہیں پر دھرنا دیدیا جائے ۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے قبل پی ڈی ایم کی قیادت اور سینئر رہنماﺅں کے درمیان مشاورت ہو گی جس میں تحریک کے آئندہ مراحل کےلئے حتمی فیصلوںپر غوروخوض کر کے اس کا جلسے میں اعلان کیا جائے گا،پی ڈی ایم کے صدر مولانا فضل الرحمان آئندہ کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔ بتایا گیا ہے کہ پی ڈی ایم رہنماﺅں کے درمیان ملاقات ظفر علی روڈ پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کے گھر مریم نواز کی جانب سے پی ڈی ایم کی قیادت اور سینئر رہنماﺅں کو دئیے جانے والے ظہرانہ کے موقع پر ہو گی ۔مزید بتایا گیا ہے کہ جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرینگے ۔دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی قیادت نے بھی اپنے کارکنوں کو جلسے میں بھرپو رشرکت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے بھی امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرکے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کردیا ہے ۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظور کی قیادت میں کارکنوں نے پریس کلب سے مینار پاکستان تک ریلی بھی نکالی ۔ بلاول بھٹو زرداری 12 بجے بلاول ہاﺅس لاہور سے روانہ ہوں گے جہاں سے جمیل منج ان کا استقبال کریں گے۔بلاول بھٹو بذریعہ رنگ روڈ گجومتہ پہنچیں گے جہاں ثمینہ گھرکی ان کا استقبال کریں گی۔ یوحنا آباد میں عمران اٹھوال ان کا استقبال کریں گے۔پاک عرب سوسائٹی کے مقام پر شیخ مقبول کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے ،اسماعیل نگر پر عاصم بھٹی استقبال کریں گے،لبرٹی چوک حاجی عزیز الرحمن چن استقبال کریں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!