لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ یہ جعلی حکومت ایمپائر کی انگلی کی بدولت اقتدار میں آئی۔ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آج مجھے پنجاب کے دل لاہور میں خطاب کرکے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی جماعت کی بنیاد اسی شہر سے رکھی تھی۔ آمرانہ دور میں لاہور کے نوجوانوں نے صعوبتیں برداشت کیں، شہادتیں دیں اور کوڑے کھائے۔ بی بی شہید نے آمریت کیخلاف اپنی تحریک بھی لاہور سے شروع کی تھی۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم کشتیاں جلا کر میدان میں اترے ہیں۔ عوام کسی تحریک کا ساتھ دیں تو ظلم کی زنجیر ٹوٹ جاتی ہے۔ یقین دلاتا ہوں کہ عوام کی فتح کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔ ان حکمرانوں کے پاس گالم گلوچ اور جھوٹ کے سوائے ان کے دامن میں کچھ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی اور غربت ہے۔ آٹا اور چینی چور حکومت میں عوام کا چولہا بند ہے۔ جعلی حکمران عوام کا درد محسوس نہیں کرتے۔ یہ لوگ ایمپائر کی انگلی کے ذریعے اقتدار میں آئے۔ جعلی حکومت کو پنجاب کے عوام کی بالکل فکر نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے پرجوش خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ صوبوں کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ پی پی پی پاکستان کے پسے ہوئے طبقات کی جماعت تھی، ہے اور ہمیشہ رہے گی۔ ہم عوام کو حق دلانے کیلئے کٹھ پتلی کے سہولت کاروں کو للکار رہے ہیں۔
