لاہور : وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ 31دسمبر گزر جائے گی اوراستعفے جیبوں میں ہی رہ جائیں گے، اس کرپٹ اپوزیشن میں استعفے دینے کی اخلاقی جرأت ہرگز نہیں ہے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی ٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ 31 دسمبر آئے گی اورگزر جائے گی ، استعفے جیبوں میں ہی رہ جائیں گے، شور وغوغا کرنے والے قوم پررحم کریں اورمنفی سیاست ترک کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عاقبت نااندیش پی ڈی ایم کوتاریخیں دینے کی عادت پڑچکی ہے، یہ ٹولاجانتا ہے کہ استعفے دیئے تو خالی نشستوں پر الیکشن ہوں گے۔ سردارعثمان بزدار نے مزید کہا کہ اپوزیشن پے درپے ناکامیوں کے باوجود خواب غفلت میں سورہی ہے اوران کے نا آسودہ ارمانوں پراوس پڑچکی ہے، وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں لوٹ مارکا حساب دینا ہوگا، یہ عناصرجتنے مرضی منتیں ترلے کرلیں، انہیں این آر اوملنے والا نہیں ۔






