اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ روائتی صوبائی انتظامیہ خصوصاً وزرا اعلیٰ اوسط درجے کے ہوں انتظامی معاملات نہیں چلا سکتے،اگر شہری سہولتیں نہیں ہیں تو مسئلہ صوبائی حکومتوں کی نان پرفارمنس ہے،پولیس کا نظام تباہ ہے، وجہ صوبائی حکومتوں کی نان پرفارمنس،تعلیم اور صحت کا نظام تسلی بخش نہیں ہے، وجہ صوبائی حکومتوں کی نان پرفارمنس،اس لئے سیاسی جماعتوں کو سوچنے کی ضرورت ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال نے ایک بار پھر مقامی حکومتوں کی اہمیت کو اجاگر کیا،22 کروڑ کی آبادی کے ملک کو 1935میں بنائے گئے نظام کے تحت نہیں چلایا جا سکتا،ملک چلانے کیلئے وسائل اور ایک اہل آرگنائزیشنل نیٹ ورک چاہیے جو مقامی ضروریات اور مسائل کو سمجھتا ہو۔
