اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کو لفظ ’نیا پاکستان‘ کے استعمال سے روکنے سے متعلق دائر درخواست پر نوٹس جاری کیا ہے۔ عدالت نے وزیر اعظم عمران خان سے اس درخواست پر تین ہفتوں میں جواب طلب کیا ہے۔ درخواست گزار وکیل طارق اسد نے موقف اختیار کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سنہ 2018 کے انتخابات میں ’نیا پاکستان‘ کو ایک نعرے کے طور پر استعمال کیا اور پھر اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کو ’نیا پاکستان‘ کا نام دے دیا۔ درخواست میں اس بات کابھی ذکر کیا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے مختلف منصوبوں کا نام بھی ’نیا پاکستان‘ رکھا ہے اور ان میں نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا نام بھی شامل ہے۔ طارق اسد نے اپنی درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’ملکی آئین میں پاکستان کا نام اسلامی جمہوریہ پاکستان ہے، نیا پاکستان نہیں ہے‘۔






