حیدرآباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر حکومت سینٹ کے انتخابات قبل از وقت کرانا چاہتی ہے تو قومی اسمبلی کے انتخابات مقررہ مدت سے پہلے کیوں نہیں ہو سکتے، جماعت اسلامی ایک الگ آپشن کے طور پر جدوجہد کررہی ہے، ہماری جدوجہد مہنگائی بےروزگاری کے خلاف ہے ، عوام کے پاس جماعت اسلامی کے سوا کوئی اور ددسرا آپشن نہیں حکومت کا ہر دن پہلے سے بدتر ثابت ہو رہا ہے، حکومت شو آف ہینڈ سے سینٹ کے انتخابات کیا اس لئے کرانا چاہتی ہے کہ اسے اپنے ممبران پر اعتبار نہیں ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے، جمہوریت کے لئے ڈائیلاگ ضروری ہے، موجودہ حکومت کا ہر دن پہلے سے بدتر ثابت ہو رہا ہے۔سینیٹر سراج الحق نے لاکھا مسجد کھوکھر محلہ میں نماز جعہ کا خطبہ دیا اور بعد میں اخبار نویسوں سے بات چیت کی، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ شفاف انتخابات وقت کی اہم ضرورت ہیں،پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی فرق نہیں ہے، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم میں کوئی اصولی اختلاف نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 950 دن میں ملک کو دلدل میں دھکیل دیا ہے، حکومت سینٹ کے انتخابات شو آف ہینڈ اس لئے کرانا چاہتی ہے کہ اسے اپنے ممبران پر اعتبار نہیں ہے، اسمبلیوں میں خرید و فروخت ہوتی ہے، اس کے سد باب کے لئے سینٹ الیکشن میں متناسب نمائندگی ہونی چاہیے اور سینٹ کے الیکشن شیڈول کے مطابق مارچ میں ہی ہونے چاہئیں،اگر حکومت کوجلدی ہے تو ہماری تجویز ہے کہ سینٹ کے الیکشن کا طریقہ کار تبدیل کیا جائے اور متناسب نمائندگی کی بنیاد پر انتخابات کرائے جائیں اگر چہ متناسب نمائندگی میں بھی خریدو فروخت ہوتی ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پی ٹی آئی کے اپنے اور اتحادی ارکان اسمبلی نمائندوں پر اعتماد نہیں ہے اسی لئے وہ شو آف ہینڈ سے انتخابات کرانے پر زور دے رہے ہیں، اگر جمہوریت پر اعتماد کو بحال کرنا ہے تو الیکشن کو شفاف بنانا ہوگا، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لئے ڈائیلاگ ضروری ہے، انہوں نے کہا جماعت اسلامی ہی نظام مصطفی قائم کر کے ملک میں حقیقی تبدیلی لا سکتی ہے۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز،جنرل سیکریٹری جماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنہ، ڈپٹی جنرل سیکریٹریز جماعت اسلامی سندھ عبدالوحید قریشی، حافظ طاہر مجید، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآبادعقیل احمد خان، نائب امراءڈاکٹر سیف الرحمن، عبدالقیوم شیخ اور ضلعی جنرل سیکریٹری ظہیر الدین شیخ بھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے سابق امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد مشتاق احمد خان کی رہائشگاہ پر جا کر ان کی صاحبزادی کی وفات پر تعزیت کی، وہ دانشور اور محقق ڈاکٹر عبدالجبار عابد لغاری کے گھر بھی گئے اور ان کی وفات پر ان کے بیٹے تنظیم اساتذہ سندھ کے صدر پروفیسر ڈاکٹر نصراللہ لغاری سے تعزیت کی اور فاتحہ خوانی کی۔






