اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ میرے والد کے ساتھ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے جو کیا وہ میں نہیں بھول سکتا، یہ لوگ مجھے کرپٹ ثابت نہیں کرسکتے، اس لیے والد صاحب پر آجاتے ہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں دیتے، یہ گرگٹ کی طرح رنگ بدلتے رہتے ہیں، ان کی تقاریر کو دیکھ لیں، ان کا ہدف عمران خان اور فوج ہے۔شبلی فراز نے کہا کہ ان لوگوں نے اشارتاً اور ڈائریکٹ یہ بات کی کہ حکومت کو گرانا ہے، آپ کس طرح سے منتخب حکومت کو گرائیں گے، کیا آپ غیر جمہوری طریقے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کچھ بھی کرلیں، پیپلز پارٹی نے استعفے نہیں دینے، یہ لوگ سیاسی مقاصد اور این آر او کیلئے کسی سے بھی ہاتھ ملاسکتے ہیں، آپ ہمارے ذاتی دشمن نہیں ہیں، ہم لوٹی دولت نکالنا چاہتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پی آئی اے، اسٹیل مل، اسٹیٹ لائف جیسے اداروں کو بٹھایا۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ڈی ایم کہتی ہے الیکشن ٹھیک نہیں تو یہ لوگ کیسے اسمبلی میں بیٹھے ہیں، پہلے آپ کا مک مکا کا چکر ہوتا تھا، نا آپ کا نظریہ ایک ہے اور نا ہی سوچ ایک ہے۔
