کوئٹہ: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کےلئے نئی حکومتی پالیسی کو ناقابل قبول اور روزانہ کی بنیاد پر نرخ طئے کرنے کےلئے اوگرا کو اختیار دینے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے دیگر کئی عوام دشمن اقدامات کی طرح اس فیصلے کو بھی عوام دشمن فیصلہ قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا کہ جس قوم کی مزاج میں ہی کرپشن و کمیشن رچی بسی ہو انھیں ایسے اختیار دینے کا مطلب ملک میں مہنگائی اور غربت کا سیلاب لانے کی ابتدا ہے۰ یہ قوم رمضان میں ذخیرہ اندوزی کرکے عوام کے مذہبی جذبات سے فائدہ اٹھاتے ہیں اور موقع ملنے پر کفن کا بھی ذخیرہ کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے انکی پٹرول کمپنیوں اور پمپوں کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر طئے کرنے کا اختیار دینا ایسا ہی ہے جیسا کہ بلی کو دودھ کی چوکیداری پر بٹھانا۔ بیان میں کہا گیا کہ عوام ہفتہ وار قیمتوں کے تعین سے تنگ تھے اور انھیں نرخوں میں بین الاقوامی کمی کا فائدہ پہنچا ہی نہیں تو اب کی نئی پالیسی کا کس طرح فائدہ ہوگا۰ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا جو طوفان آئیگا اس کا تصور ہی کیا جاسکتا ہے۰ بیان میں فوری طور پر اس پالیسی کو واپس لینے اور قیمتوں کے تعین کے لئے امریکہ ایران جنگ سے قبل کے طریقہ کار اپنانے کا مطالبہ کیا گیا۔






