شوہر کی دوسری شادی کے موقع پر پہلی بیوی کا دھاوا، تقریب منسوخ اور شوہر پولیس کے حوالے

شوہر کی دوسری شادی کے موقع پر پہلی بیوی کا دھاوا، تقریب منسوخ اور شوہر پولیس کے حوالے

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور میں ایک خاتون نے اپنے شوہر کی دوسری شادی کی تقریب میں پہنچ کر ہنگامہ برپا کر دیا۔ خاتون کا دعویٰ تھا کہ ان کی طلاق ابھی تک قانونی طور پر مکمل نہیں ہوئی اس لیے شوہر دوسری شادی نہیں کر سکتا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 27 سالہ خاتون نے بتایا کہ ان کی شادی 2022 میں ایک انٹیریئر ڈیزائنر سے ہوئی تھی تاہم کچھ عرصے بعد گھریلو اختلافات پیدا ہونے پر وہ سسرال چھوڑ کر الگ رہنے لگیں۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان طلاق کا مقدمہ تاحال عدالت میں زیرِ سماعت ہے اور کسی عدالت نے ابھی تک طلاق کا حتمی فیصلہ نہیں دیا۔
خاتون کا الزام ہے کہ ان کے 32 سالہ شوہر نے انہیں اطلاع دیے بغیر دوسری شادی کا انتظام کیا۔ انہیں اس بارے میں ایک پڑوسی نے آگاہ کیا جس کے بعد وہ اپنی بہن کے ہمراہ شادی کی تقریب میں پہنچ گئیں۔
خاتون کے مطابق انہوں نے تقریب سے قبل اپنے شوہر اور سسرال والوں سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم کسی نے ان کی کال وصول نہیں کی۔ تقریب میں پہنچ کر انہوں نے دوسری شادی پر شدید احتجاج کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ جب تک طلاق قانونی طور پر مکمل نہیں ہوتی ان کے شوہر دوسری شادی نہیں کر سکتے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں خاتون کو اپنے شوہر، اس کی والدہ اور دیگر اہلِ خانہ سے تلخ کلامی کرتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ایک ویڈیو میں وہ دلہن کو بتاتی ہیں کہ ان کی شوہر کے ساتھ محبت کی شادی ہوئی تھی اور وہ ابھی بھی ان کی بیوی ہے۔ خاتون نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ شوہر اب بھی ان کے ساتھ روزانہ واٹس ایپ پر رابطے میں تھا اور ہر ماہ کئی بار ملاقات بھی کرتا تھا۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس شادی کی تقریب میں پہنچ گئی۔ پولیس نے دلہے کو تحویل میں لے کر دونوں خاندانوں کو مزید پوچھ گچھ کے لیے تھانے منتقل کر دیا جہاں رات گئے تک دونوں فریقین کے درمیان بات چیت جاری رہی۔
پولیس نے دونوں فریقین سے تحریری بیانات طلب کر لیے ہیں اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ قانونی کارروائی تحقیقات کے نتائج اور موصول ہونے والی شکایات کی روشنی میں کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!