اسپین پہنچنے کا خواب جان لے گیا، مراکش سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ فٹبالر سمندر میں ڈوب گئی

اسپین پہنچنے کا خواب جان لے گیا، مراکش سے تعلق رکھنے والی 20 سالہ فٹبالر سمندر میں ڈوب گئی

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

بہتر مستقبل کی تلاش میں اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والی 20 سالہ مراکشی خاتون فٹبالر فاتن بن عمر العزیزی سمندر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئیں۔
مراکشی میڈیا رپورٹس کے مطابق فاتن بن عمر العزیزی جو ماضی میں موغرب اٹلیٹیکو تطوان کی نمائندگی کر چکی تھیں، ہسپانوی خودمختار علاقے سیوٹا تک سمندر کے راستے پہنچنے کی کوشش کر رہی تھیں کہ ڈوب گئیں۔
مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب شمالی مراکش سے سیوٹا جانے کی غیرقانونی کوششوں میں حالیہ دنوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ خراب سمندری حالات اور سیکیورٹی خطرات کے باعث متعدد افراد اس خطرناک راستے پر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
فاتن بن عمر العزیزی کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے ساتھی کھلاڑیوں، دوستوں اور مراکش کی فٹبال برادری کی جانب سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔ انہیں ایک باصلاحیت، محنتی اور خوش اخلاق کھلاڑی کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
ان کی موت نے ایک بار پھر یورپ پہنچنے کے لیے اختیار کیے جانے والے خطرناک غیرقانونی ہجرتی راستوں کے انسانی المیے کو اجاگر کر دیا ہے جہاں ہر سال بہتر زندگی کی امید میں سفر کرنے والے متعدد افراد راستے ہی میں اپنی جانوں سے محروم ہو جاتے ہیں۔
مراکشی یونین آف پروفیشنل فٹبالرز (UMFP) نے بھی اپنے تعزیتی بیان میں فاتن بن عمر العزیزی کے اہل خانہ، ساتھی کھلاڑیوں اور مراکش کی فٹبال برادری سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو اپنی رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!