کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل کا ملزم ہلاک ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس ملزم کو آلہ قتل سریا کی برآمدگی کے لیے لے گئی تھی۔ ملزم نے اچانک پستول چھینا اور پولیس پر فائرنگ کر دی۔ پولیس کے مطابق ملزم کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس کا اے ایس آئی زخمی ہوا، جوابی فائرنگ سے ملزم موقع پر ہی مارا گیا۔ پولیس کی جانب سے مزید قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں خاتون اور 3 بچوں کے قتل میں مقتولہ کے شوہر کا بہنوئی ملوث نکلا تھا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق ملزم وقوع کے روز دن 2 ڈھائی بجے گھر آیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملزم ہمایوں رشتے دار تھا تو اسے لیے اس کا گھر میں آنا جانا بھی تھا، ملزم نے خاتون سے زیادتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر راڈ سے وار کیا اور قتل کے لیے ایک سریے کا استعمال کیا۔






