اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، احساس پروگرام کو توسیع دینے کی ضرورت ہے، ہاﺅسنگ و تعمیرات کے شعبے کے لئے نمایاں پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے،تعمیراتی پیکج کا مقصد ترقی کا پہیہ چلانا اور روز گار کے مواقع پیدا کرنا ہے ، معاشی شرح نمو کے لئے آﺅٹ آف باکس حل کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو خزانہ و معاشی تھینک ٹینک کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔مشیرخزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے فنانس و اکانومی بارے تھینک ٹینک کے مقاصد اور جن شعبوں میں توجہ مرکوز کی جارہی ہے ، بارے بریفنگ دی ۔اس موقع پر وزیراعظم یہ بات زور دے کر کہی کہ اس نازک وقت میں اقتصادی پیداوار کے لئے آﺅٹ آف باکس حل کی ضرورت ہے ۔کورونا وائرس نے عالمی معیشت کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شروع دن سے حکومت نے پائیدار اقتصادی سرگرمی اور عوام کو کووڈ۔19وباءسے متاثر ہونے سے بچانے کیلئے متوازن حکمت عملی اختیار کیے رکھی ۔وزیراعظم نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے معاشرے کے غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔احساس حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کا مقصد غربت کا خاتمہ ہے اور انتہائی ضرورت مند طبقات تک پہنچنے کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ اس پروگرام میں توسیع کی ضرورت ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ہاﺅسنگ و تعمیرات کے شعبے کے لئے نمایاں پیکیج کا اعلان کیا گیا ہے جس کا مقصد روز گار کے موقعوں میں اضافہ اور اقتصادی بیل آﺅٹ کے ساتھ ساتھ غریب لوگوں کو قابل رسائی گھروں کی فراہمی ممکن بنانا ہے ۔ وزیراعظم نے تھینک ٹینک کی جانب سے بنکنگ ، فنانس ، احساس پروگرام میں مزید بہتری اور ایس ایم ایز سہولیات کے حوالے سے پیش کردہ تجاویز کو سراہا۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں مختلف جاری اقدامات ، پالیسیوں اور حکومتی پروگراموں کے حوالے سے تھینک ٹینک کی فراہم کردہ تجاویز متواتر فراہم کی جائیں ۔اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، ادارہ جاتی اصلاحات بارے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین ، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر اور سابق سیکرٹری فنانس ڈاکٹر وقار مسعود خان موجود تھے ۔مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد ، شوکت ترین ، سلطان الانہ ، ڈاکٹر اعجاز نبی اور عارف حبیب نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی ۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آج ہمارے معاشی تھینک ٹینک کا وزیراعظم کے ساتھ اجلاس ہوا ہے اس تھینک ٹینک کا بنیادی وقت پاکستان کے معروف کاروباری ، تعلیمی اوربنکنگ شعبے سے وابستہ ماہرین کے ساتھ ملکر پاکستان کی معیشت میں بہتری لانے کے لئے اقدامات پر غور کیا جائے ، ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں فنانس اور بنکنگ شعبے کے ایشوز پر غور کیا گیا جس میں قرضوں کی سہولت میں اضافے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ۔اس کے ساتھ ساتھ تعمیرات کی سرگرمی جس میں وزیراعظم کی جانب سے مراعات دی گئی ہےں اس بارے اقدامات اٹھانے پر بھی غور کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ عوام کو جو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے اس میں بہتری لائی جائے اور اس کے ثمرات ضرورت مندوں تک پہنچیں اور اس میں خامیوں کو دور کیا جاسکے ۔
