سندھ میں مسلسل دوسرے روز بھی مون سون کی چوتھی بارش ہوئی اور کراچی میں مختلف واقعات کم ازکم 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسیکیو ذرائع اور انتظامیہ کے مطابق 3 افراد بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے جبکہ 12 سالہ بچہ بارش سے جمع ہونے والے پانی میں ڈوب کر انتقال کرگیا۔ بلوچ کالونی کے علاقے میں 24 سالہ خاتون بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئیں۔ ایس ایچ او احسان چنا کا کہنا تھا کہ فرزانہ حنیف جونیجو ٹاؤن میں اپنے گھر کے اندر کرنٹ لگنے سے دم توڑ گئیں اور ان کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) منتقل کردیا گیا۔ چھیپا کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 30 سالہ شہری لیاری میں جانگیان ہوٹل چاکیواڑہ میں کرنٹ لگنے سے دم توڑ گیا اور قانونی کارروائی کے لیے لاش ڈاکٹر رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی منتقل کردی گئی۔ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 12 سالہ بچہ بارش کے پانی سے بننے والے تالاب میں ڈوب گیا۔پولیس کا کہناتھا کہ سیکٹر7 ڈی میں چند بچے نہارہے تھے کہ 12 سالہ طلحہ تنظیم ڈوب گیا اور دم توڑگئے۔ پیرآباد پولیس اور ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق اسی طرح کا ایک اور واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے بنارس میں پیش آیا جہاں 6 سالہ لڑکا ڈوب گیا۔






